نئی دہلی، 10؍جون(آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی پانچ ممالک کے دورے کے بعد آج وطن واپس آگئے۔انہوں نے اس دورے کے دوران امریکہ کے صدر براک اوبامہ سے ملاقات کی اور واشنگٹن میں امریکی کانگریس سے خطاب بھی کیا۔مودی تعلقات کو مضبوط کرنے کے مقصد کے ساتھ افغانستان، قطر، سوئٹزرلینڈ اور میکسیکو بھی گئے۔وہ اپنے دورے کے آخری پڑاؤمیکسیکو سے آج علی الصباح یہاں لوٹے۔مودی نے وطن واپس آنے سے پہلے ٹوئٹ کیا،شکریہ میکسیکو۔ہندوستان میکسیکو کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے اور اس رشتہ سے ہمارے لوگوں اور پوری دنیا کو فائدہ ہو گا۔وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ٹوئٹ کیاکہ پانچ دن، پانچ ممالک ۔ دورے کے آخری پڑاؤ میکسیکو کی مفید دورے کے بعد وزیر اعظم دہلی روانہ ہوئے۔مودی نے امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کے علاوہ جوہری سپلائر گروپ کی رکنیت کی ہندوستان کی دعویداری کے لیے 48ممالک کے اس گروپ کے دو اہم رکن سوئٹزرلینڈ اور میکسیکو کی حمایت حاصل کی ۔انہوں نے وہائٹ ہاؤس میں صدر اوبامہ سے کئی اہم معاملات پر بات کی۔اس کے بعد امریکہ نے ہندوستان کو ایک بڑادفاعی پارٹنربتایا۔